16 اپریل 2014
وقت اشاعت: 19:11
شہباز شریف کو منتخب کرنے والے راجن پور کے عوام پانی سے محروم
جیو نیوز - راجن پور…پنجاب کے وزیراعلٰیٰ جہاں سے کامیاب ہوئے،صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر جس علاقے کی مرہون منت ہیں،اْسی علاقے کے ڈیڑھ لاکھ انسان پیاسے ہیں۔ تالاب میں جمع گندہ پانی انسانوں اور جانوروں کی ضروریات پوری کرنے کاواحد ذریعہ ہے۔راجن پور کے علاقے پچھادھ داجل میں ڈیڑھ لاکھ انسان بستے ہیں۔ یہاں زیر زمین پانی کڑوا ہے اور لوگوں کو متبادل ذریعہ فراہم نہیں۔یہاں کے انسان اور جانور پیاس بجھانے کیلیے تالاب میں جمع ہونیوالا بارش کا گندہ پانی پیتے ہیں۔ پانی نہ ہونے سے ساڑھے تین لاکھ ایکڑ زرعی زمینیں بنجر ہوچکیں۔بڑی تعداد میں علاقہ مکین ہجرت کرگئے، جو رہ گئے وہ گندے پانی والے تالاب کے رحم و کرم پر ہیں۔ آلودہ پانی پینے پر مجبور بچے پیٹ کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔متاثرین پانی جیسی بنیادی سہولت کی عدم فراہمی پر سخت نالاں ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف 11 مئی کے انتخابات میں اسی علاقے سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے اور بعد میں یہ سیٹ چھوڑ دی۔ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر شیرعلی گورچانی بھی اسی حلقے سے کامیاب ہوکر اسمبلی میں پہنچے ہیں۔لیکن کامیابی کے بعد انہوں نے اس پسماندہ علاقے کی جانب دیکھنے کی بھی زحمت نہیں کی۔