18 اپریل 2014
وقت اشاعت: 4:13
بلاول بھٹو کی پیپلز پارٹی کے اراکین سندھ اسمبلی سے ملاقات
جیو نیوز - کراچی…پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی کے اعزاز میں بلاول ہاؤس میں عشائیہ دیا۔ عشائیے میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت صوبائی وزراء شریک ہوئے۔ اس موقع پر صوبے کی سیاسی صورتحال اور پیپلزپارٹی سے متعلق تنظیمی امور پر گفتگو کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی کے تمام ارکان اسمبلی عوام کی فلاح کے لیے قانون سازی کریں اورعوام سے رابطوں کو مزید موثر بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ عام انتخابات میں سندھ کے عوام نے ووٹ دے کر پیپلزپارٹی پراعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ کے عوام کی توقعات پر پوری اترے گی۔انھوں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر پولیس کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔