18 اپریل 2014
وقت اشاعت: 14:55
کارکنوں کے قتل اور اغوا کے خلاف پشاور میں متحدہ کا مظاہرہ
جیو نیوز - پشاور…متحدہ قومی موومنٹ خیبر پختون خوا کے کارکنوں نے کراچی میں کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں شریک کارکنوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے لاپتہ کارکنوں کے معاملے کا ازخودنوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ایم کیوایم خیبر پختون خوا کے کارکن پشاور پریس کلب کے قریب اکھٹے ہوئے جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے۔مظاہرین کا کہناتھا کہ کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے کو بند کرائے۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پولیس کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنوں کو گھروں سے اٹھاتی ہے اور انکو تشدد کانشانہ بنایا جاتا ہے جبکہ کئی کارکن اب بھی لاپتہ ہیں۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کا ازخودنوٹس لیں۔