18 اپریل 2014
وقت اشاعت: 15:59
الطاف حسین کی ایم کیوایم کے2کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت
جیو نیوز - لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیوایم کے دوکارکنوں کے حراست کے دوران ماورائے عدالت قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کارکنوں اورہمدردوں کے ماورائے عدالت قتل کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قراردیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے حراست کے دوران تشدد سے ایم کیوایم قصبہ علیگڑھ سیکٹر کے کارکنان قاسم علی شاہ اور محمد علی خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے کارکنوں کو غیرقانونی طورپر حراست میں لیے جانے اوران کے ماورائے عدالت قتل لمحہ فکریہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے کارکنوں کی غیرقانونی گرفتاریاں ، انہیں لاپتہ کرنے اور حراست کے دوران تشدد کا نشانہ بناکر ماورائے عدالت قتل پر حکومت کی خاموشی انتہائی معنی خیز ہے۔الطاف حسین نے مطالبہ کیا کہ کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کا فوری نوٹس لیاجائے اور قاتلوں کو عبرتناک سزا دی جائے۔ الطاف حسین نے کارکنوں کو صبر کی ہدایت کی۔