18 اپریل 2014
وقت اشاعت: 18:43
راجن پور: ڈیڑھ لاکھ انسان ،جانوروں کے ساتھ گندہ پانی پینے پر مجبور
جیو نیوز - راجن پور…ضلع راجن پور میں ڈیڑھ لاکھ انسان جانوروں کیساتھ تالاب کا گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔ بیشتر خاندان نقل مکانی کرگئے۔ جیونیوز کی خبر پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیا تاہم دو روز بعد بھی متاثرین کو صاف پانی میسر نہیں۔راجن پور کے علاقے پچھادھ داجل میں ڈیڑھ لاکھ آبادی پانی کو ترس رہی ہے متبادل ذریعہ موجود نہیں۔ انسان اور جانور پیاس بجھانے کیلیے تالاب میں جمع ہونے والابارش کا گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔ بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں،بیشترخاندان علاقے سے ہجرت کرگئے گھروں پر تالے پڑے ہیں۔ 2 روز قبل جیونیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد وزیراعلٰی پنجاب نے نوٹس لیااورمتعلقہ وزرا سے رپورٹ طلب کی، اہلِ علاقہ کیلیے صاف پانی اور میڈیکل ٹیمیں بھیجنے کی ہدایت کی۔ تاہم احکامات پر 2 روز بعد بھی کسی قسم کی پیش رفت نہیں ہوسکی۔متاثرین بدستور گنداپانی پینے پر مجبور ہیں۔ڈی سی او غازی امان اللہ نے گزشہ روز رابطہ کرنے پر بتایا کہ داجل کینال میں 4 ہزار کیوسک پانی چھوڑ دیا گیا ہے لیکن زمینی حقائق کچھ اور ہیں۔ نہریں خشک دکھائی دے رہی ہیں۔