19 اپریل 2014
وقت اشاعت: 6:15
سانگلہ ہل سے چند روزپہلے لاپتہ ہونیوالی 3سالہ بچی فیصل آباد پہنچ گئی
جیو نیوز - فیصل آباد…سانگلہ ہل سے چند روزپہلے اغواء ہونے والی تین سالہ بچی قراقرم ایکسپریس کے ایک مسافر کے ہمراہ فیصل آباد پہنچ گئی ،بچی سے ملاقات پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے ، بچی کو گلے لگاتے ہی خوشی سے والدین کے آنسو چھلک پڑے۔ سانگلہ ہل کے رہائشی مزمل کی تین سالہ بچی سناہل کو ان کے رشتہ دار نے 8 اپریل کو اغواء کیا تھا، گذشتہ روز مغویہ قراقرم ایکسپریس میں ایک مسافر کو مل گئی ، جس کی اطلاع کے بعد والدین بے صبری سے بچی کے فیصل آباد پہنچنے کے منتظر تھے ، آج جب قراقرم ایکسپریس کے ذریعے بچی فیصل آباد ریلوے اسٹیشن پر پہنچی تو انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔ گیارہ روز سے بیٹی کی جدائی میں تڑپتے والدین کے اپنی پیاری کو گلے لگاتے ہی جذبات اور خوشی سے آنسو چھلک پڑے۔ماں اپنی بیٹی کو دیوانہ وار چومتی رہی ،تین سالہ سناہل کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم نے تحویل میں لے لیا ہے جسے قانونی کارروائی کے بعد والدین کے حوالے کر دیا جائے گا۔ والدین نے بچی کے ملنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اغواء کاروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔