20 اپریل 2014
وقت اشاعت: 4:24
سکھر: مسافر بس الٹنے سے ہلاکتیں 18 ہوگئیں،متعدد افراد زخمی
جیو نیوز - کراچی…ڈیرہ غازی خان سے کراچی آنے والی مسافر کوچ ٹریلر کو بچاتے ہوئے الٹ گئی،حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 18 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے،مسافر کوچ میں کچھ زخمی اب بھی پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کیلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔حادثہ سکھر میں قومی شاہراہ پر سانگی کے قریب پیش آیا، جس مقام پر حادثہ پیش آیا وہاں سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ پولیس کے مطابق مسافرکوچ سامنے سے آنے والے ٹریلر کو بچاتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی جبکہ زخمیوں کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔افسوس ناک سانحے میں خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، مسافر کوچ میں اب بھی کچھ زخمی پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کیلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، زخمیوں اور لاشوں کو تعلقہ اسپتال پنوں عاقل اور سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔