20 اپریل 2014
وقت اشاعت: 10:3
وزیراطلاعات پرویزرشید کی حامدمیر کی عیادت کیلئے اسپتال آمد
جیو نیوز - کراچی…وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ حامد میر پر حملے کا واقعہ کراچی میں پیش آیا۔ ذمہ داری صوبائی حکومت کی بنتی، تاہم وفاقی حکومت ہر مدد کے لئے تیار ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے آغاخان اسپتال کا دورہ کیا اور حامد میر کی عیادت کی ،اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ حامد میر آزادی صحافت اورعدلیہ کی بحالی کے لیے کوشش کرتے رہے،انھوں نے مزید کہا کہ ہرشخص اپنا ایجنڈا بندوق کے ذریعے نافذ کرنا چاہتا ہے انھوں نے واقعہ کا ذمہ دار صوبائی حکومت کو قراردیتے ہوئے کہا کہ واقعہ کراچی میں پیش آیا،سندھ حکومت کو ایف آئی آر درج کرنی چاہیے تھی، اب تک درج کیوں نہیں ہوئی؟ انھوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کے تعاون کے لیے تیار ہیں، حامد میرپرحملے کی ایف آئی آر درج کرکے تفتیش کی جائے، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ حامد میرکے بھائی کے لگائے گئے الزامات کا میڈیا کے ذریعے پتا چلا، امن و امان کے لیے سب کو مل کرکام کرنا ہوگا، تفتیش سے پہلے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔