23 اپریل 2014
وقت اشاعت: 5:0
بڈھ بیر میں پولیس اہلکاروں پر دہشتگردوں کے حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار
جیو نیوز - پشاور…پشاورکے نواحی علاقے بڈھ بیر میں پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے۔ دہشت گردوں کی تعداد 20 سے زیادہ تھی۔ حملہ آور قبائلی علاقے سے آئے تھے اور ان کا ہدف پولیس تھی۔ پیر کی شب پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں پولیس وین پر حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 20 سے زیادہ تھی اور وہ قبائلی علاقے سے آئے تھے۔ حملہ آوروں کا ہدف پولیس تھی اور وہ مورچہ زن ہوکر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرتے رہے۔ رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کی کارروائی نواحی علاقوں میں پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشن کا ردعمل تھا۔ واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے ، ایک حملہ آور کی لاش ملی۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال سے 9 مبینہ دہشت گرد گرفتار کیے گئے ہیں جن میں 4 زخمی حالت میں تھے جبکہ 5 تیمارداری کے لیے اسپتال میں موجود تھے۔ گرفتار مبینہ دہشت گردوں کو نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔