تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
26 اپریل 2014
وقت اشاعت: 22:50

موجودہ دور میں بھی دھمکیاں ملیں،حامد میر نے چوہدری نثار کابیان مسترد کردیا

جیو نیوز - اسلام آباد…جیونیوز کے سینئر اینکرحامد میر نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے اس بیان کو مسترد کردیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں حامد میر کو کسی قسم کی کوئی دھمکی نہیں ملی۔ممتاز صحافی اور جیونیوز کے سینئر اینکر حامد میر نے ایک بیان میں فاقی وزیرداخلہ کا یہ دعویٰ مسترد کردیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے اِس دور حکومت میں انہیں کسی قسم کی کوئی دھمکی نہیں ملی۔حامد میر کہتے ہیں کہ 29اگست 2013ء کو کیپٹل ٹاک کے براہ راست پروگرام کے دوران میجر وجاہت نامی شخص نے انہیں سنگین نتائج پر مبنی ایس ایم ایس بھیجا تھا، انہوں نے لائیوکیپٹل ٹاک کے دوران ہی میجر وجاہت کانام ،دھمکی آمیز پیغام اور متعلقہ ٹیلی فون نمبر سے ناظرین کو آگاہ کردیا تھااور ساتھ یہ بھی واضح کیا تھا کہ وہ کسی دھمکی اور دباوٴ میں آئے بغیر حق اور سچ کی آواز بلند کرتے رہیں گے ۔حامد میر کا کہنا ہے کہ میجر وجاہت نامی شخص 29اگست 2013ء سے پہلے بھی کئی مرتبہ انہیں بلوچستان سے متعلق کیے جانے والے پروگراموں کی وجہ سے دھمکی آمیز ایس ایم ایس بھیجتا تھا۔انہوں نے اس بارے میں آئی ایس آئی اور آئی ایس پی آر کے اعلیٰ حکام کو بھی بتایا،لیکن اس کے باوجود یہ دھمکیاں بند نہ ہوئیں۔حامد میر کے مطابق اپنے ایس ایم ایس میں میجر وجاہت نامی شخص انہیں ملک دشمن قرار دیتا تھا اور حامد میر کی معلومات کے مطابق 29اگست 2013ء کو ایس ایم ایس بھیجنے کے وقت میجر وجاہت بلیو ایریا میں موجود تھا ۔تاہم انہوں نے اسی پروگرام میں بڑے واضح انداز میں یہ بھی کہا کہ کسی شخصیت کے انفرادی عمل کا ذمہ دار مسلح افواج یا انٹیلی جنس ادارے کو قرار نہیں دیا جا سکتا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.