28 اپریل 2014
وقت اشاعت: 2:30
رحیم یارخان:ریلوے ٹریک پردھماکا،زکریا ایکسپریس کا انجن متاثر،ڈرائیورزخمی
جیو نیوز - رحیم یار خان…رحیم یارخان میں ریلوے ٹریک پر زورداردھماکا ہوا۔ جس سے زکریا ایکسپریس کو شدید نقصان پہنچا اور ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔دھماکے کی ذمے داری کالعدم بلوچ ری پبلیکن آرمی نے قبول کرلی ہے۔۔پولیس کے مطابق د ھماکاآدم صحابہ اسٹیشن کے قریب اْ س وقت ہوا جب زکریا ایکسپریس ملتان سے کراچی جارہی تھی۔۔ دھماکے سے ٹرین کے انجن کو شدید نقصان پہنچا اور ڈاوٴن ریلوے ٹریک پر 5فٹ گہرا اور 4فٹ چوڑا گڑھا پڑ گیا۔ واقعے میں زکریاایکسپریس کا ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور بھی زخمی ہوگئے۔جنھیں شیخ زید اسپتال رحیم یارخان منتقل کردیا گیا ہے۔ دھماکے کے بعد اپ اور ڈراوٴن ٹریک پر ٹریفک معطل ہوگئی اور جعفر ایکسپریس کو میرپور ماتھیلو،پاکستان ایکسپریس کو گھوٹکی اورفرید ایکسپریس کو خان پور میں روک لیا گیا۔اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں اور پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے معائنے کے بعد ٹریک کو کلئیر قرار دے دیا۔جس کے بعد ٹریک کی مرمت کا کام شروع کردیاگیا ہے۔پولیس کاکہنا ہے کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیاگیا ہے۔