1 مئی 2014
وقت اشاعت: 21:30
جنگ اور جیو کیخلاف کوئی وار برداشت نہیں کیا جائے گا، کونسل آف پاکستان پریس کلبز
جیو نیوز - لاہور…کونسل آف پاکستان پریس کلبز کا کنونشن لاہور میں ہوا، مندوبین کا کہنا تھا کہ جنگ اور جیو کے خلاف کوئی وار برداشت نہیں کیا جائے گا۔ملک بھر سے آئے صحافیوں نے سینئر اینکر حامد میر سے بھر پور اظہار یکجہتی بھی کیا۔لاہور پریس کلب میں ہونے والے کنونشن میں ملک بھر کے 65سے زائد ضلعی پریس کلبز کے صدور شریک ہوئے۔انہوں نے حامد میر پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جیو اور جنگ کی بندش کو سازش قرار دیا۔کنونشن میں صحافیوں کو غدار کہنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔مقررین کا کہنا تھا کہ جو بھی صحافیوں کوبے روزگار کرنے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔کنونشن سے پشاور پریس کلب کے صدر ناصر حسین، سکردو پریس کلب کے صدر نثار عباس،چمن پریس کلب کے صدر پیر زمان،آزاد جموں کشمیر کے طاہر احمد فاروقی،سیکرٹری لاہور پریس کلب شہباز میاں اور دیگر عہدیداران نے خطاب کیا۔کنونش میں حامد میر کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی گئی،کنونشن کے بعدپریس کلب کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔مظاہرے کے شرکاء نے آزادی صحافت کے حق میں نعرے لگائے اور حامد میر پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا۔