تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مئی 2014
وقت اشاعت: 22:0

وزیراعظم برطانیہ کے دورے کے بعد آج وطن واپس آ رہے ہیں

جیو نیوز - لندن…وزیرِ اعظم نواز شریف آج برطانیہ کے دورے کے بعد وطن واپس آ رہے ہیں۔ یہاں وہ معمول کے معاملات کے علاوہ چند اہم ایشوز کو بھی اپنی توجہ کا منتظر پائیں گے۔دورہٴ برطانیہ کے دوران جہاں نوازشریف ملک میں لوڈشیڈنگ کے مسئلے کو نہیں بھولے، وہیں انہوں نے برطانیہ سے تجارت کے فروغ کے معاملات پر بات کی۔جہاں ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات میں افغانستان سے فوج کے انخلا کے بعد کے مسائل زیر بحث آئے۔ وہیں، اس بات پر بھی غور ہوا کہ پاکستان میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے کیا کیا جائے۔نواز شریف برطانیہ پہنچے تھے تو ماحول یہ تھا کہ بعض حلقے برطانیہ سے تعلیم اور توانائی کی مد میں ملنے والی گرانٹ کو رکوانے کی کوششوں میں تھے، لیکن یہ دورہ ختم ہوا تو اتفاق اس بات پر ہوا کہ پاکستان 2015ء تک برطانیہ کی سب سے زیادہ گرانٹ لینے والا ملک بن جائے گا۔ اعتماد کی اس فضا میں جو موضوع نواز شریف کی اولین ترجیحات میں تھا وہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ تھا۔اب وطن واپسی پر بھی ان کی ترجیح بجلی کی پیداوار بڑھانے کا مسئلہ ہے۔ہاں، دہشتگردی سے نمٹنے کے معاملات اور طالبان سے مذاکرات پہلے ہی توجہ کے طالب ہیں۔ٹیکس وصولی کی شرح بڑھانا اسی طرح ایک بڑا سوال ہے، جیسا اس وقت تھا جب نواز شریف برطانیہ روانہ ہورہے تھے۔ 6جون کو اگلے مالی سال کا بجٹ پیش ہوگا،اس کی بھی تیاری کرنی ہے لیکن بعض جماعتوں کی جانب سے مظاہرے کی تیاریاں، اہم اداروں کے ساتھ معاملات اور بعض غلط فہمیوں کو دور کرنے کی ذمے داری ضرور وزیراعظم نواز شریف کو وطن واپسی کے ابتدائی دنوں میں کچھ مصروف رکھے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.