5 مئی 2014
وقت اشاعت: 22:16
لاہوریے بونگ پائے کے ناشتے کیلئے صبح سے پہلے جاگتے ہیں
جیو نیوز - لاہور…لاہوریے کھانے پینے کے بہت شوقین ہیں، قسم قسم کے پکوان تو دن بھر چلتے ہی رہتے ہیں، لیکن ناشتے کی بات ہی الگ ہے، جبھی تو بونگ پائے کھانے کے لئے صبح سے پہلے ہی رش لگ جاتا ہے۔ رات کے 3 بجے، وقت ناشتے کا تو نہیں، لیکن لاہور میں ناشتے کے اہتمام کا ضرور ہے۔ یہ مناظر ہیں پرانی انارکلی کے۔ بونگ پائے کی مشہور دکان ابھی کھلی نہیں، لیکن لوگ پہلے ہی پہنچ گئے۔گرمی کے موسم میں لوڈ شیڈنگ نے ایسا بے حال کیا کہ رات کو سونا بھی محال ہو گیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے میں کروٹیں بدلنے سے بہتر ہے ،لسی سے گرمی بھگائیں اور اچھا ناشتہ کر لیں۔شہر میں ناشتے کی دکانوں پر لگا رش ، لاہوریوں کی خوش خوراکی کی گواہی دیتا نظر آتا ہے۔لاہوریوں کا کہنا ہے کہ رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی سونے نہیں دیتی صبح سویرے لذیز ناشتہ لوڈشیڈنگ کا غم بھلانے کی ایک کوشش ہے۔