تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
6 مئی 2014
وقت اشاعت: 19:7

توانائی بحران کو حل کرنے کیلئے تیزی سے کام کررہے ہیں،نوازشریف

جیو نیوز - کراچی…وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ توانائی کے بحران کو حل کرنے کے لیے تیزی سے کام کررہے ہیں،اندھیروں کو روشنی میں بدلنے کا سفر تیزی سے جاری ہے،توانائی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔وزیراعظم نوازشریف نے پورٹ قاسم بجلی گھر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پورٹ قاسم بجلی گھر منصوبے کو وقت پر مکمل کیا جائے گا، خواہش ہے کہ ملک میں وافر اورسستی بجلی پیدا ہو، گڈانی میں 6ہزار 600میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی، پنجاب میں بھی بجلی کے چار بڑے منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا، ہم تیزی کے ساتھ بجلی کے کارخانے لگا رہے ہیں، ہماری حکومت کے آنے کے بعد بجلی کا پہلا منصوبہ لگ رہا ہے، جامشورو میں بھی 1320 اور پنجاب سے 2600میگاواٹ بجلی حاصل کی جائے گی، خیبرپختونخوا سے 4500میگاواٹ بجلی حاصل کی جائے گی، نیلم جہلم سے 960میگاواٹ بجلی سال کے آخرمیں حاصل ہونا شروع ہوجائے گی۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ موٹروے کی بنیاد رکھی گئی تھی تو واویلا کیا گیا تھا کہ نوازشریف پیساخرچ کر رہا ہے، آج ہر طرف سے مطالبہ ہے کہ کراچی سے لاہور تک موٹر وے ہونی چاہیے۔ وزیراعظم نے سوال کیا کہ کراچی سے لاہور موٹر وے گزشتہ کئی سال میں کیوں نہیں بنی؟ ہمارے بینکوں میں اتنی جان نہیں کہ ایک سے زائد منصوبوں کے لیے قرض دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کارخانے لگنے شروع ہوئے ہیں جو چین کی مہربانی ہے، ہم نے ایک دن تو کیا ایک گھنٹا بھی ضائع نہیں کیا، یہ منصوبہ روشنیوں کا آغاز ہے، پاکستان میں خوشحالی اور روزگار پھیلے گا، ہم سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، آپ بھی ساتھ ہوں، ہم بھی ساتھ ہوں اور مل کرپاکستان کی تعمیر کریں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.