تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
7 مئی 2014
وقت اشاعت: 0:46

پرویزمشرف کی جانب سے وفاقی حکومت کوجواب دے دیا گیا

جیو نیوز - کراچی… پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے جھوٹ بولا، سابق صدر کے حق میں شواہد کو ختم یا غائب کیا جا رہا ہے، پرویز مشرف والدہ کی تیمارداری اور اپنی ریڑھ کی ہڈی کی سرجری کیلئے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں، ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے ۔سندھ ہائی کورٹ میں سابق صدر پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی مسترد کیے جانے سے متعلق وفاقی حکومت کے موقف پربیرسٹرفروغ نسیم نے 13صفحات پر مشتمل تحریری جواب جمع کرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے جھوٹ سے کام لیا ا ور حقائق چھپائے جو بدنیتی پر مبنی عمل ہے۔ آئین کی دفعہ 6اور 12کی شق 2کو ملا کرپڑھیں تو کسی کو انفرادی طور پر آئین پامال کرنے کا ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر نے تمام اقدامات وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ کی مشاورت سے کیے۔ مشرف کے حق میں موجود شواہد کا ریکارڈ موجود ہے لیکن انہیں غائب یا ختم کیا جا رہا ہے۔ جواب میں موٴقف اختیار کیا گیا کہ سابق صدر کی والدہ شدید علیل ہیں اور پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی کے مہروں میں فریکچر ہے،والدہ کی تیمار داری اوراپنے علاج کے لئے وہ بیرون ملک جانا چاہتے ہیں۔بیرسٹر فروغ نسیم نے دلائل دیے کہ یہ قانونی اصول نہیں کہ سپریم کورٹ ہی اپنے حکم کی تعبیر و تشریح یا عمل درآمد کراسکتی ہے، ایسی مثالیں موجود ہیں کہ سپریم کورٹ کے حکم کی تشریح ہائی کورٹ نے کی ،انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کا تفصیلی حکم آنے کے بعد 8 اپریل 2013ء کا عبوری حکم اب ختم ہوگیا ہے۔ اس لیے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.