تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 مئی 2014
وقت اشاعت: 0:18

جنگ اور جیو کے خلاف سازشیں، لاہور میں احتجاجی مظاہرہ

جیو نیوز - لاہور…لاہور میں جنگ اور جیو گروپ کے خلاف محلاتی سازشوں کے خلاف اور حامد میر سے یکجہتی کیلئے آج بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔جنگ ورکرز ایسوسی ایشن ،وکلاء سول سوسائٹی ،اور صحافیوں نے حامد میر کی تصویر کی قیادت میں پریس کلب تک ریلی نکالی جنگ اور جیو گروپ کے خلاف ریاستی اداروں کی ریشہ دوانیوں کے خلاف لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔جنگ ورکرز ایسوسی ایشن ،وکلاء سول سوسائٹی اور محنت کش طبقے نے اظہار یک جہتی کیا۔ شرکاء نے اس عہد اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ جنگ اور جیو کے خلاف کوئی سازش پنپنے نہیں دیں گے۔مظاہرے میں غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے سمیت استحصالی کوششوں کی شدید مذمت کی گئی۔مظاہرے کے بعد لاہور پریس کلب تک ریلی نکالی گئی ،ریلی کی قیادت حامد میر کی تصویر سے کرائی گئی۔ شرکاء تمام راستہ آزادی صحافت زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ بعد میں ریلی کے شرکاء لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام جاری علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں شریک ہوئے۔ سینئر صحافی شاہین قریشی نے جنگ جیو کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے پر مذمتی قرارداد پیش کی جو کثرت رائے سے منظور کر لی گئی۔ علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ سے، سول سوسائٹی کے نمائندے عبداللہ ملک، جیو نیوز لاہور کے بیوروچیف خاور نعیم ہاشمی، ایڈیٹر فرائیڈے ٹائمز جگنو محسن، پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے سینئر نائب صدر اعجاز مرزا، ایمرا کے صدر عاصم نصیر، اینکا کے صدر وحیدبٹ نے بھی خطاب کیا۔ تمام رہنماوٴں کا ایک ہی عزم تھا کہ وہ آزادی رائے کیلئے آواز بلند کرنے والوں کے ساتھ ہیں۔ جنگ اور جیو گروپ سے یک جہتی کے لئے ہونے والے اس احتجاج میں ملتان میں شہید کیے جانے والے انسانی حقوق کے علمبردار ایڈووکیٹ راشد رحمان کے قتل کی بھی پرزور مذمت کی گئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.