9 مئی 2014
وقت اشاعت: 0:18
وزیر اعظم کی ہدایت پر، کھاد فیکٹریوں کو گیس منقطع کرکے پاور پلانٹس کو منتقل
جیو نیوز - اسلام آباد…وزیر اعظم میاں نواز شریف کی ہدایت پر، بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے،گیس کی ترسیلی کمپنیوں نے کھاد فیکٹریوں کو گیس منقطع کرکے پاور پلانٹس کو منتقل کردی۔ اضافی گیس ملنے سے 400میگاواٹ بجلی کی پیداوار بڑھ جائے گی۔وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ فوری طور پر کم کرنے کے لیے حکومتی اقدامات میں تیزی آگئی۔سوئی ناردرن نے اپنے نظام پر موجود کھاد بنانے والی فیکٹریوں کی گیس منقطع کر کے مجموعی طور پر 50 ایم ایم سی ایف ڈی گیس بجلی گھروں کو سپلائی کرنا شروع کردی ہے۔دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی نے بھی کوئٹہ اور کوٹری پاور پلانٹ کو یومیہ اضافی 3 کروڑ مکعب فٹ گیس دینے کیلئے فوجی فرٹیلائرز بن قاسم کی 20 ملین مکعب فٹ گیس کم کرنے کے ساتھ ساتھ سندھ بھر سی این جی کی ہفتہ وار بندش 2 سے بڑھا کر 3 دن کردی ہے ۔نئے شیڈول پر رواں ہفتے سے عمل درآمد کرتے ہوئے سندھ بھر کے تمام گیس اسٹیشنز ہفتے کی صبح 24 گھنٹے کے بند ہوجائیں گے۔