9 مئی 2014
وقت اشاعت: 0:18
پیمرا کے شوکاز نوٹس کو کالعدم قرار دینے کی جیو کی درخواست مسترد
جیو نیوز - اسلام آباد …اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیمرا کے شوکاز نوٹس کو کالعدم قرار دینے کے لیے جیو کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے جیو کی درخواست سماعت کے بعد خارج کردی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان نے جیو کی جانب سے اکرم شیخ ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست کی سماعت کی۔ اکرم شیخ ایڈووکیٹ نے عدالت میں موٴقف اختیار کیا کہ آئی ایس آئی نے وزارت دفاع کے ذریعے پیمرا کو شکایت بھجوائی جس پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔ شوکاز نوٹس میں 14 دن میں جواب مانگا گیا جبکہ پیمرا نے جیو کو دی گئی مہلت سے دو دن پہلے ہی اجلاس طلب کرلیا جس کا اسے اختیار نہیں تھا۔ انھوں نے کہا کہ پیمرا نے اجلاس بلا رکھا ہے تاکہ جیو نیوز کی نشریات بند کی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیمرا چیئرمین کے بغیر کام کررہا ہے، وہ شکایت وصول کرنے کا مجازبھی نہیں، قانون پیمرا کو اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ وہ کسی کی شکایت پر شوکاز نوٹس جاری کرے بلکہ اس کے لیے درست فورم کونسل آف کمپلینٹس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی متاثرہ شخص کونسل آف کمپلینٹس میں شکایت درج کرا سکتا ہے، مجاز افسر شکایت وصول کر کے متعلقہ فرد یا ادارے کوسمن جاری کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔ اکرم شیخ ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ جیو کے خلاف شکایت میں کہا گیا ہے کہ اس کی پاکستان مخالف ایجنڈے کی تاریخ ہے، حالانکہ اس سے پہلے کسی نے آج تک ایسی کوئی شکایت درج نہیں کرائی۔ اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ جیو نیوز کے سینئر اینکر حامد میر پر19 اپریل کو قاتلانہ حملہ ہوجس کی عالمی سطح پر کوریج ہوئی۔ جیو نیوز نے کسی ادارے پر الزام تراشی نہیں کی بلکہ حامد میر کے بھائی کے الزامات آن ایئر کیے گئے۔ سپریم کورٹ کے تین ججوں پر مشتمل جوڈیشل کمیشن معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے کچھ دیر بعد درخواست مسترد کر نے کا فیصلہ سنایا۔