14 مئی 2014
وقت اشاعت: 20:9
لاہور میں مبینہ مقابلے میں مارے گئے افراد کا پوسٹ مارٹم نہ ہوسکا
جیو نیوز - لاہور…لاہور کے مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے چاروں ملزموں کا ابھی تک پوسٹ مارٹم نہیں ہو سکا۔ تحقیقات کے سوال پر بھی خاموشی طاری ہے۔ لاہور پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب مورچہ اسٹاپ بادامی باغ میں مبینہ مقابلے میں 4ملزم مار دیئے تھے، ان میں سے ایک ملزم اس وقت زندہ نکلا، جب اسے مردہ سمجھ کر گاڑی میں ڈالا جا رہا تھا، زخمی ملزم کو اسپتال کی بجائے مردہ خانے پہنچانے کے ذمے داروں کے تعین اور تحقیقات کے سوال پر مسلسل خاموشی طاری ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق میاں منشی اسپتال کا میڈیکل بورڈ تاحال مردہ خانے نہیں پہنچا۔ مارے جانے والے عمران کے پیٹ اور بازووٴں پر گولیوں کے 3نشانات پائے گئے ہیں، اکمل کے پیٹ اور چھاتی پر 2نشانات، عمران غفار کے پیٹ اور دائیں بازو پر 3اور سرفراز کے دائیں بازو اور چھاتی کے دونوں اطراف گولیوں کے 3نشانات پائے گئے ہیں۔