14 مئی 2014
وقت اشاعت: 21:58
ساہیوال:پسندکی شادی کرنے والی لڑکی کوگھروالوں نے قتل کردیا
جیو نیوز - ساہیوال…ساہیوال میں پسندکی شادی کرنے والی لڑکی کواس کے گھروالوں نے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق لڑکی کو اس کے گھر والوں نے کلہاڑی کے وار اور فائرنگ کرکے قتل کیا، لڑکی کے گھر والے اسے تحفظ کا جھانسا دے کر گھر لے آئے تھے، لڑکی کی جان کو خطرہ تھا جس کی وجہ سے عدالت نے اسے دارالامان بھجوا دیا تھا، دشمنی بڑھنے پر پنچایت نے شادی شدہ جوڑے کی زبردستی طلاق بھی کرادی تھی۔ واضح رہے کہ اس پسند کی شادی کرنے والے جوڑے نے گھر والوں کے ڈر سے چلتی ٹرین سے چھلانگ بھی لگادی تھی، صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے دارالامان میں لڑکی سے ملاقات بھی کی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو قتل کرنے والے ملزمان فرار ہوگئے ہیں جبکہ اس کا شوہر خوف سے روپوش ہے۔