15 مئی 2014
وقت اشاعت: 22:1
اقوام عالم فلسطینیوں کی فلسطین واپسی کے عمل کویقینی بنائے ،مقررین
جیو نیوز - کراچی …فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت کراچی پریس کلب میں آل پارٹیز کانفرنس بعنوان ”یوم نکبہ، یوم واپسی فلسطین“ کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس کی صدارت جمعیت علماء پاکستان کے صدر اور ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کی جبکہ آل پارٹیز کانفرنس میں مسلم لیگ نواز کے رہنما نہال ہاشمی، سید اظہر شاہ ہمدانی،اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ امین شہیدی اور مولانا صادق رضا تقوی چرچ آف پاکستان کے بشپ صادق ڈینئل، جماعت اسلامی کے رہنماء اسد اللہ بھٹو، صوبائی امیر معراج الہدیٰ صدیقی، محمد حسین محنتی، سنی تحریک کے مرکزی رہنما مطلوب اعوان ، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، تحریک انصاف کے صدر فردوس نقوی، عوامی نیشنل پارٹی کے وکیل خان سواتی، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما اقبال قادری، عوامی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ ، شہزاد مظہر، شگفتہ انیس سمیت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی اور دیگر نے خطاب کیا ۔اس موقع پر علامہ عقیل انجم قادر ی سمیت سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد میں ڈاکٹر رفعت اعوان ، ہنیزہ قادر اور دیگر بھی موجود تھے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ ابوالخیر محمدزبیر نے کہا کہ فلسطین پر 66سالوں سے غاصب صیہونیوں کے مظالم کا سلسلہ جا ری ہے تاہم مسلم امہ کو چاہئیے کہ مشترکہ جد وجہد کا اعلان کرے اور مظلوم فلسطینیوں سمیت دنیا بھر کے انسانوں کو اسرائیل جیسے ناسور سے نجات دلوائی جائے، انکا کہنا تھا کہ اسرائیل عالم بشریت کے لئے سنگین خطرہ بن چکا ہے جس کی نا بودی نا گزیر ہے۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین ایک سنجیدہ نوعیت کامعاملہ ہے اور پاکستان کے عوام کے دل فلسطینیوں خے ساتھ دھڑکتے ہیں انہوں نے اقوام متحدہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اقوام متحدہ نے فلسطینیوں کے حق واپسی کا دفاع نہ کیا تو ملک بھر میں تحریک کا آغاز کیا جائے گا ۔ بشپ صادق ڈینئل نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔ نہال ہاشمی کاکہنا تھا کہ انبیاء کی اس سرزمین کے ساتھ پاکستانیوں کا ہمیشہ رابطہ رہا ہے اور رہے گا۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور اسد اللہ بھٹو کاکہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین انسانیت کا مسئلہ ہے، جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی کاکہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین ہمارا مسئلہ ہے اور اسی طرح برمااور کشمیر بھی ہمارے اہم مسائل میں سے ہیں۔ کانفرنس سے صابر کربلائی اوردیگرنے بھی خطاب کیا۔