16 مئی 2014
وقت اشاعت: 4:41
میزبان اور جیو کے معافی مانگنے کے بعد معاملہ اچھالنا مناسب نہیں؛ علمائے کرام
جیو نیوز - کراچی… ملک کے جید علمائے کرام نے کہا ہے کہ جیو کے مارننگ شو میں غلطی کی گئی جس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے، لیکن پروگرام کی میزبان اور جیو کی جانب سے معافی مانگنے کے بعد اب اس معاملے کو اچھالنا نہیں چاہیے۔ ممتاز عالم دین مفتی محمد نعیم نے کہا کہ معافی مانگنے والے کو اللہ تعالیٰ بھی معاف کر دیتا ہے تو بندوں کو کیا حق پہنچتا ہے کہ اس معاملے میں اس طریقے کے ساتھ بات کرے۔علامہ رضی جعفر نے کہا کہ پروگرام کرتے وقت بہت سمجھ بوجھ سے کام لینا چاہیے لیکن بری باتوں کو پھیلانا خود ایک بری بات ہے جس کا دوسرے چینلز کو خیال رکھنا چاہیے۔علامہ طاہر اشرفی نے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے کہا کہ پروگرام میں بے احتیاطی کی گئی ہے لیکن مثبت پہلو یہ ہے کہ اس معاملے پر حجت کرنے کے بجائے فوراً معافی مانگ لی گئی۔علامہ ناظر عباس تقوی اور علامہ شبیر میثمی کا بھی کہنا تھا کہ معافی کے بعد اس معاملے کو اچھالنا مناسب نہیں۔ علامہ فیصل عزیزی بندگی کا کہنا ہے کہ معافی مانگنے کے بعد اس معاملے کو اچھالنا مناسب نہیں، نادانستگی میں کی گئی غلطی پر معافی مانگنے کے بعد اس معافی کو قبول کرلینا چاہیے۔ مفتی عابد مبارک کا کہنا ہے کہ پروگرام میں غلطی کی گئی ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ جیو کی انتظامیہ نے معافی مانگ لی ہے۔