16 مئی 2014
وقت اشاعت: 8:12
جیو کے ”اٹھو جاگو پاکستان“ کی پوری ٹیم معطل، معاملے کی انکوائری شروع
جیو نیوز - کراچی…اٹھوجاگو پاکستان کی اینکر ڈاکٹر شائستہ لودھی نے پروگرام میں نادانستہ غلطی پر شرمندگی اور اللہ کے حضور معافی طلب کی ہے، جبکہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ پروگرام میں نادانستگی میں جو غلطی ہوئی ہے وہ اس پر احد کی پہاڑی پر اللہ تعالیٰ سے معافی کے طلب گار ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے دیگر ٹی وی چینلز سے کہا کہ نادانستگی میں ایسی غلطیاں ہو جاتی ہیں، اس معاملے کو اچھالنا مناسب نہیں۔ دوسری جانب جیو ٹی وی نیٹ ورک نے اعلان کیا ہے کہ مارننگ شو ”اٹھو جاگو پاکستان “ کی پوری ٹیم معطل کر کے معاملے کی انکوائری شروع کردی گئی ہے۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر شائستہ واحدی نے کہا کہ غلطی نادانستہ طور پر ہوئی جس پر وہ شرمندہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس نادانستہ غلطی سے جن ناظرین کی دل آزاری ہوئی اس پر وہ ان ناظرین سے اور اللہ تعالیٰ سے معافی کے طلب گار ہیں۔جیو ٹی وی نیٹ ورک کے نائب صدر اور معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ عقیدت مندانہ کلام عقیدت کی محفلوں میں ہی پڑھا جانا چاہیے۔ پروگرام اٹھو جاگو پاکستان میں نادانستگی میں جو غلطی ہوئی اس پر وہ احد کی پہاڑی پر کھڑے ہو کر اللہ سے معافی کے طلب گار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دیگر ٹی وی چینلز سے بھی بڑی بڑی غلطیاں ہوئی ہیں۔ اس معاملے کو اچھالنا مناسب نہیں۔ادھر جیو ٹی وی نیٹ ورک کے مطابق پروگرام اٹھو جاگو پاکستان کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔