16 مئی 2014
وقت اشاعت: 18:47
الطاف حسین کے شناختی کارڈ کا مسئلہ جلد حل کیا جائے گا: چوہدری نثار
جیو نیوز - اسلام آباد…وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارنے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے شناختی کارڈ کا مسئلہ جلد حل کیا جائے گا،الطاف حسین نے 4اپریل کو درخواست لندن میں نادرا کے آفس میں نہیں دی، جسے بیرون ملک شناختی کارڈ چاہیے اسے درخواست دینی پڑتی ہے، مجھے یا ہماری حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔چوہدری نثار کا مزید کہنا ہے کہ واجدشمس الحسن الطاف حسین کے گھر پر کھانے پر مدعو تھے، نادرا آفس کے عملے کو فون کیا گیا کہ کیمرا اور لیپ ٹاپ اٹھا کر آ جائیں، نادرا عملہ الطاف حسین کے گھر پہنچا تو انہیں پتا چلا کہ یہاں بلایا گیا ہے، وزارت داخلہ نادرا کے کام میں مداخلت نہیں کرتی۔چوہدری نثارکا مزید کہنا ہے کہ اگرنادراموبائل سروس کسی کے پاس جاتی ہے تو ایک ہفتے پہلے درخواست دی جاتی ہے، نادرا موبائل کا عملہ کسی ایک کے گھر نہیں بلکہ کمیونٹی کے پاس جاتا ہے، یہ بھی قانون کا حصہ ہے کہ آفس اوقات کے علاوہ نادرا اسٹاف کہیں نہیں جاتا، نادرا کا عملہ الطاف حسین کے گھر 6بجے کے بعد گیا ہمیں اس پر بھی اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو فارم میڈیا میں لایا گیا ہے اس پر جب تک کارروائی نہیں ہوگی جب تک اسے جمع نہیں کرایا جاتا، جب تک فارم نادرا کو جمع نہیں کرایا جاتا تب تک اس پرکارروائی نہیں ہوتی، نادرا کے قانون میں لکھا ہے کہ فارم 30دن میں جمع نہ کرایا گیا تو ڈیٹا ختم ہو جاتا ہے۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میں نے گورنر سندھ سے بات کی ہے اور انہیں یقین دلایا کہ اس مسئلے کو حل کریں گے، میں نے خود کہا تھا کہ الطاف حسین کو شناختی کارڈ ضرور ملے گا، اتنی یقین دہانیوں کے باوجود دھونس اور دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے،2دن پہلے کہا تھا کہ ہم پوری ٹیم الطاف حسین کے گھر دوبارہ بھیجیں گے، الطاف حسین کے گھر ٹیم بھیجنے کی اجازت وزارت داخلہ دے گی، ہم نے کہا تھا کہ نئی ٹیم بھیجیں گے جو تصویر کھینچے گی اور انگوٹھے کے نشانات لے لیے جائیں گے، اگر آپ کو کسی اور بات کا مسئلہ ہے تو اس پر بات کرلیں، شناختی کارڈ کا تو کوئی مسئلہ نہیں، الطاف حسین کے شناختی کارڈ کا کوئی مسئلہ نہیں، جب کہیں گے شناختی کارڈ بنادیں گے،ایم کیو ایم وقت کا تعین کردے نادرا کی ٹیم الطاف حسین کے گھر بھجوادی جائے گی۔ چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت کو کیا اعتراض کہ پاکستانی شہری کے پاس شناختی کارڈ یا پاسپورٹ آئے، کسی اور کی غلطی ہمارے سروں پر تھوپ دینے پر حیرانی ہوتی ہے۔ چوہدری نثار کا طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات میں پیشرفت نہیں ہوئی لیکن رابطے میں ہیں، طالبان کمیٹی سے 2ملاقاتوں میں یہی کہا کہ طالبان سے جگہ اور وقت کا تعین کرلیں، جگہ اور وقت کا تعین نہ ہونے کی ذمے داری حکومت پر نہیں آتی، حکومت کا موٴقف ہے کہ آئندہ کی ملاقات نتیجہ خیزہونی چاہیے، حکومت کا ایجنڈا ہے کہ آئین اور قانون کے مطابق پاکستان میں امن ہو۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات براہ راست ہوں گے لیکن طالبان کمیٹی اس میں شامل ہو گی۔ کراچی آپریشن کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن پر رینجرز کی سربراہی میں اداروں کو مکمل تعاون ہوگا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی راہ میں رکاوٹیں آتی ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی ٹرانسفر پوسٹنگ میں مداخلت بھی نہیں ہونی چاہیے، کراچی کے چند علاقوں میں حالات بہتر ہوئے اور چند میں خراب، کراچی میں ستمبر سے جنوری کے دوران جرائم میں کمی آئی۔