17 مئی 2014
وقت اشاعت: 21:28
عمران خان نے آج پھر جیو پر الزامات لگادیے، ثبوت ایک بھی نہیں دیا
جیو نیوز - اسلام آباد…تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جیو پر ایک بار پھر الزامات دہرائے لیکن ثبوت کوئی نہیں دیا، پھر عدلیہ، پارلیمنٹ، حکومت اور الیکشن کمیشن سمیت کئی اداروں پر عدم اعتماد کا اظہار بھی کر ڈالا۔ میڈیا کے نمائندوں نے سوال کیے تو عمران خان غصے میں بھی آ گئے اور پھر دوسرے اداروں کے کئی صحافی بھی جیو کے نمائندے نظر آنے لگے۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کی تو ہدف تنقید جیو اور جنگ گروپ تھا۔ پہلا سوال جیو کے نمائندے نے نہیں بلکہ ایک اور نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر نے کیا تو عمران خان اس کا جواب دیتے ہوئے غصے میں آ گئے اور صحافی کو ڈانٹ بھی پلا دی۔ عمران خان سے جب یہ پوچھا گیا کہ ان کے پاس جیو اور جنگ گروپ کے خلاف الزامات کے کیا ثبوت ہیں اور عدالت میں پیش کیوں نہیں کرتے تو انہوں نے عدلیہ پر اظہار عدم اعتماد کر دیا۔ عمران خان سے جب ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ جیو پر جو الزامات لگا رہے ہیں، اس کے ڈاکیو مینٹس آپ کو کس نے فراہم کیے ہیں تو ان سے کوئی جواب نہ بن پڑا اور بولے کہ ان کا مطالبہ جیو کی بندش ہر گز نہیں۔عمران خان سے جب پوچھا گیا کہ وہ مبینہ انتخابی دھاندلی یا عوامی ایشوز پارلیمنٹ میں اٹھانے کے لیے قومی اسمبلی کیو ں نہیں جاتے تو انہوں نے پارلیمنٹ پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نیوز کانفرنس کے دوران جیو نیوز پر اپنے الزامات سے متعلق ثبوتوں کے بارے میں پے در پے سوالات پر بالآخر یہ کہہ اٹھے کہ یہ تو جیو کے نمائندے ہیں۔عمران خان سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ میڈیا ہاوٴسز کی لڑائی کا حصہ بن کر کسی کے ہاتھوں استعمال تو نہیں ہو رہے تو عمران خان نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی کے لیے استعمال ہونے کی بات نہیں ہے۔