18 مئی 2014
وقت اشاعت: 0:8
جنگ اور جیو کی جانب سے عمران خان، مبشر لقمان اور زید حامد کو چیلنج
جیو نیوز - کراچی…جنگ اور جیو کی جانب سے عمران خان، مبشر لقمان اور زید حامد کو چیلنج کیا گیا ہے کہ الزامات لگانے والے آئیں، ہم پر مقدمہ کریں، وکیل کا خرچہ بھی لیں، عدالت میں الزامات ثابت ہوگئے تو ہم خود جیو بند کردیں گے۔جنگ گروپ اور جیو نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ آپ کی اور آپ کے ہمدردوں کی عزت کرتا ہے، لیکن آپ کے الزامات بے بنیاد اور ناقابل یقین ہیں ، آپ نے الزام لگایا کہ جیو غدار ہے اور برطانیہ اور امریکا سے پیسے لے کر ان کا ایجنڈا پورا کرتا ہے، آپ نے الزام لگایا کہ جیو نے انتخابات میں اس لیے دھاندلی کی کہ جیوسوپر کو پاکستان سری لنکا کرکٹ سیریز کے نشریاتی حقوق مل جائیں ، آپ نے یہ الزام بھی لگایا کہ جنگ گروپ اور جیو طالبان سے امن مذاکرات کے خلاف مہم چلارہے ہیں، یہ الزامات بالکل درست نہیں، ان جھوٹے الزامات نے جنگ گروپ اور جیو کے کارکنوں کی جان خطرے میں ڈال دی ہے۔ عمران خان سے پہلے یہ الزامات مبشر لقمان اور زید حامد نے بھی لگائے تھے جنہیں سپریم کورٹ مسترد کرچکی ہے۔ جنگ گروپ نے عمران خان کو کھلی پیشکش کی ہے کہ وہ جیو کے پلیٹ فارم پر آکر اپنے الزامات ثابت کریں اور ہمارا موقف بھی سنیں۔ اس کے لیے عمران خان کو ایک مشترکہ کمیٹی بنانے کی پیشکش بھی کی گئی،کسی ثبوت کے بغیر عمران خان ، مبشر لقمان اور زید حامد کی طرف سے جنگ گروپ اور جیو پر الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے ۔ جنگ گروپ اور جیو عمران خان ، مبشر لقمان اور زید حامد کو کھلا چیلنج دیتا ہے کہ وہ اپنے الزامات میں سے کوئی ایک بھی عدالت میں ثابت کردیں، ہم خود جیو بند کردیں گے ، الزام لگانے والے عدالت میں آئیں ، اس کے لیے جنگ گروپ الزام لگانے والوں کو قانونی فیس کی مد میں پچاس لاکھ روپے تک دینے کو تیار ہے۔