18 مئی 2014
وقت اشاعت: 14:29
میزبان اور جیو کی جانب سے معافی کے بعد معاملہ اچھالنا مناسب نہیں، علما
جیو نیوز - کراچی …ملک کے جید علمائے کرام نے کہا ہے کہ جیو کے مارننگ شو میں غلطی کی گئی جس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے، لیکن پروگرام کی میزبان اور جیو کی جانب سے معافی مانگنے کے بعد اب اس معاملے کو اچھالنا نہیں چاہیے۔ علماء نے کہا کہ یہی غلطی بعض دیگر چینلز پر بھی دہرائی جا رہی ہے۔ انہیں بھی اللہ سے معافی مانگنی چاہئیے۔ علامہ رضی جعفر، ناظر عباس تقوی، مفتی عابد مبارک، علامہ فیصل عزیزی بندگی، علامہ شبیر میثمی، علامہ جعفر سبحانی، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر، مفتی عبدالقادر جعفر، مولانا اصغر درس، مولانا قاری محمد حفیظ جالندھری، علامہ سید مجاہد عباس گردیزی، مولانا عبدالرزاق، علی رضا گردیزی، علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی، ڈاکٹر فضل احمد، قاری خلیل الرحمان، مولانا محمد خان لغاری، ثروت اعجاز قادری، مولانا تنویر الحق تھانوی، تنویرالکاظم، ڈاکٹر عمران مصطفی قادری، بشارت عباس قریشی، حافظ مقصود احمد، مولانا عبدالروٴف، مولانا قاری محمد طیب، علامہ طاہر اشرفی، قاری عبدالرحمان حامد، مفتی محمد نعیم اوردیگر علمائے کرام نے کہا ہے کہ جیو کے مارننگ شو میں غلطی کی گئی جس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے، لیکن پروگرام کی میزبان اور جیو کی جانب سے معافی مانگنے کے بعد اب اس معاملے کو اچھالنا نہیں چاہیے۔ علامہ رضی جعفر نے کہا کہ پروگرام کرتے وقت بہت سمجھ بوجھ سے کام لینا چاہیے، لیکن بری باتوں کو پھیلانا خود ایک بری بات ہے جس کا دوسرے چینلز کو خیال رکھنا چاہیے۔ علامہ طاہر اشرفی نے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے کہا کہ پروگرام میں بے احتیاطی کی گئی ہے لیکن مثبت پہلو یہ ہے کہ اس معاملے پر حجت کرنے کے بجائے فوراً معافی مانگ لی گئی۔ علامہ ناظر عباس تقوی اور علامہ شبیر میثمی کا بھی کہنا تھا کہ معافی کے بعد اس معاملے کو اچھالنا مناسب نہیں۔ علامہ فیصل عزیزی بندگی کا کہنا ہے کہ پروگرام کی میزبان اور جیو کی جانب سے معافی مانگنے کے بعد معاملے کو اچھالنا مناسب نہیں، نادانستگی میں کی گئی غلطی پر معافی کے بعد اس معافی کو قبول کرلینا چاہیے۔ مفتی عابد مبارک کا کہنا ہے کہ پروگرام میں غلطی کی گئی ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ انتظامیہ نے فوراً معافی مانگ لی ہے۔