18 مئی 2014
وقت اشاعت: 23:59
350 اہل تشیع افرادکے قتل میں ملوث کوئی دہشتگرد گرفتاری نہیں ہوا،مجلس وحدت
جیو نیوز - کراچی… مجلس و حدت مسلمین کراچی،جعفریہ الائنس ،امامیہ اسٹوڈنٹس آگنائزیشن کی جانب سے شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور جنگ گروپ کے خلاف احتجاجی ریلی امام بارگاہ شاہ خراسان سے نکالی گئی جس میں خواتین ،بچوں سمیت شیعہ افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ریلی میں موجود شرکاء ریلی نے وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ سمیت جنگ گروپ کے خلاف نعرے بازی کی۔ ریلی کے شرکاء سولجربازار سے ہوتے ہوئے نمائش چورنگی پہنچے جہاں احتجاجی دھرنا دیا گیا دھرنے سے خطاب میں مجلس و حدت مسلمین کے رہنماء علی حسین نقوی ،علامہ مبشر حسن ،علامہ علی انور نقوی کاکہنا تھا کہ کراچی میں اب تک 350 سے زائد شیعہ علماء ،پروفیسرز،ڈاکٹرز،وکلاء ،تاجر وں سمیت عمائدین کو نشانہ بنایا گیا مگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تاحال کسی دہشتگرد کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی وفاقی حکومت اور ریاستی ادارے ملک بھر میں دہشت گردوں کی سرکوبی کرنے کے بجائے ان سے مذاکرات کی باتیں کر رہے ہیں جبکہ یہ سفاک اور انسانیت کے دشمن دہشت گرد ملک کے تین صوبوں میں ہولناک تباہی مچا کر معصوم انسانوں کا قتل عام کر رہے ہیں ۔دہشت گردی کا خاتمہ صرف اور صرف کالعدم دہت گرد گروہوں کا قلع قمع کئے جانے سے ہی ممکن ہے جبکہ حکومت اور حکومتی ادارے ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گردگروہوں سے مذاکرات کی باتیں کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں ۔ مجلس و حدت مسلمین کے رہنماء علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ اہلیبت علیہ السلام کی شان میں جیو ٹی وی کے پروگرام میں گستاخی سے امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی اور ایسا کافی عرصے سے کیاجا رہا ہے اور اس کے پس پردہ وہی عوامل ہیں جو اس ملک میں فرقہ واریت اور عدم استحکام دیکھنا چاہتے ہیں۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پیمرا اور حکومت فوری طور پر اس کا نوٹس لیں اور گستاخی کے مرتکب افراد کو گرفتار کرکے سخت سزادی دی جائے ۔