19 مئی 2014
وقت اشاعت: 21:19
اداروں میں خلیج سے جمہوری نظام خطرے میں پڑسکتا ہے، اسفندیار ولی
جیو نیوز - چارسدہ…عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی قائد اسفندیارولی خان نے کہاہے کہ ریاستی اداروں کے درمیان پیدا ہونے والی خلیج سے جمہوری نظام خطرے میں پڑ سکتا ہے، ملک کوبحران سے نکالنے کیلئے سیاسی قوتیں محاذآرائی سے گریزکریں۔ اسفندیارولی خان چارسدہ میں اے این پی کی مرکزی اورصوبائی آرگنائزنگ کمیٹیوں سے خطاب کر رہے تھے۔ اسفندیارولی خان نے کہاکہ ایران، بھارت اور افغانستان میں انتخابات کے بعدخطے میں ابھرنے والی سیاسی صورتحال پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی اداروں کے درمیان خلیج تشویشناک ہے جس سے جمہوری نظام خطرے میں پڑ سکتا ہے،سیاسی قوتیں محاذ آرائی سے گریز کریں تاکہ ملک کو بحران سے نکالا جا سکے۔ اسفند یار ولی کاکہاتھاکہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی مایوس کن ہے جبکہ خیبرپختونخوا کی صورتحال سب سے زیادہ خراب ہے کیونکہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔