تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
19 مئی 2014
وقت اشاعت: 21:29

جیو کے ساتھ کھڑے ہیں ، پابندی کسی صورت نہیں لگنی چاہیئے : اعتزاز احسن

جیو نیوز - اسلام آباد…سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وہ جیو کے ساتھ کھڑے ہیں، اس پر پابندی کسی صورت نہیں لگنی چاہیئے، دیگر ٹی وی چینلز یاد رکھیں اگر جیو بند ہوگیا تو سب کی زبان بندی ہو گی۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ امیر المومنین، آمریت یا ٹیکنوکریٹ سسٹم لانے کی کوشش کی گئی تو پاکستان کی بقا مشکل ہو گی۔ سینیٹ کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر بحث کے دوران قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ غلطی کسی سے بھی ہوسکتی ہے، باقی چینلز سے گزارش ہے کہ وہ جیو کی معافی کو تھوڑا راستہ دیں۔ سینیٹر اعتزاز احسن نے دیگر چینلز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں آپ سے بھی غلطی ہوئی تو آپ بھی معافی کا دروازہ کھولنے کی بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیو نے پیپلزپارٹی کی حکومت کے ساتھ بھی مخالفانہ رویہ رکھا اور غضب کرپشن کی عجب کہانی چلا کر ان کی حکومت کو مشق ستم بنائے رکھا لیکن پھر بھی آج جیو کے ساتھ کھڑے ہیں، اسے کسی صورت بند نہیں ہونے دیں گے۔ اعتزاز احسن نے کہا دیگر ٹی وی چینلز یاد رکھیں کہ اگر جیو بند ہوگیا تو سب کی زبان بندی ہو جائے گی، دیگرچینلزکواحساس ہونا چاہیئے کہ جیو کو بند کرنے سے میڈیا کی آزادیاں ختم ہوجائیں گی۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ بعض دیگر چینلز پر اینکرز چھوٹے چھوٹے فرعون بنے ہوئے ہیں، یہ اینکرز مہمانوں سے تب تک جھگڑتے رہتے ہیں جب تک مہمان ان کی رائے سے متفق نہ ہوجائے۔ اعتزا احسن نے کہا کہ اسلام میانہ روی اور معاف کر دینے کا درس دیتا ہے، اس لیے اب یہ سلسلہ رک ہی جانا چاہیئے۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ جیو اور جنگ گروپ کی معافی کے بعد معاملہ اب ختم ہو جانا چاہیئے، کسی سیاسی جماعت کے کہنے پر چینل بند کرنے کی مخالفت کریں گے اور کسی سے زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی۔ پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر لالہ روٴف نے کہا کہ وہ جیو کے ساتھ اور میڈیا پر پابندی کے خلاف ہیں، ملک ایسے تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا، سسٹم کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کی گئی تو سیاسی جماعتیں ساتھ نہیں دیں گی۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ کوئی غلطی کرے اور سر عام معافی مانگ لے تو معاملہ ختم کر دینا چاہیئے، کچھ میڈیا ہاوٴسز نامناسب انداز میں میڈیا کے ستون کو کمزور کر رہے ہیں، اگر میڈیا کمزور ہو گیا تو جمہوریت اور پارلیمنٹ کو شدید خطرہ ہو گا ، معاملے کے حل کے لیے سینیٹ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے کمیٹی بنائے۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز اپنے مفادات کو بالائے طاق رکھ کر وفاق کو بچانے کی کوششیں کریں، تمام فریقین کو احساس ہونا چاہیئے کہ اس وقت اگر سسٹم میں کوئی تبدیلی آئی یا لانے کی کوشش کی گئی تو نتائج انتہائی سنگین ہوں گے،ملک کو چلانے کیلئے 1973ء کے آئین پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت ہے، امیر المومنین، آمریت یا ٹیکنوکریٹ سسٹم لانے کی کوشش کی گئی تو پاکستان کی بقا مشکل ہو گی، ملک ایسی نہج پر ہے کہ شاید فوری طور پر ایسا نہ ہو لیکن مستقبل میں وفاق کو نقصان پہنچایا جا سکتا ہے۔ رضا ربانی نے کہا کہ قومی سلامتی کے تقاضے پورے کرتے کرتے آج ملک کس مقام پر پہنچ چکا ہے؟ ابھی صرف ایک مرتبہ سویلین اقتدار کی منتقلی ہوئی ہے لیکن یہ منزل نہیں،اداروں کے استحکام ہی سے جمہوریت مستحکم ہو گی۔رضا ربانی نے کہا کہ انتخابی نظام پر پیپلز پارٹی کو بھی اعتراضات ہیں لیکن عدلیہ اور سابق چیف جسٹس کو سوالیہ نشان بنانا غیر مناسب ہے، الیکشن کمیشن کے تناظر میں آئین سے متصادم باتیں کی جا رہی ہیں لیکن اسلام آباد میں جعلی سازی کے ذریعے یکجہتی لانے کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکتی،جو ادارے آئین کے دائرے میں کام کر رہے ہیں ان کو متنازع بنانا افسوس ناک ہے، بات یہیں پر نہیں رکتی خوفناک امر یہ ہے کہ کڑی سے کڑی مل رہی ہے اور خدشہ ہے اس مرتبہ آئین نہیں وفاق کو خطرات ہیں۔ قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ یہ اہم معاملہ ہے اس پر بحث منگل کو بھی بھی جاری رہنی چاہیئے۔ سینیٹ کا اجلاس اب منگل کی شام 4 بجے ہو گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.