تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
20 مئی 2014
وقت اشاعت: 11:19

جیو کو نشانہ بنانے والے ذرا اپنے ماضی میں بھی جھانک لیں

جیو نیوز - کراچی…ایک غلطی جس پر جیو معافی بھی مانگ چکا ہے لیکن اس کے باوجود مختلف چینلز اور کیبل آپریٹرز خالد آرائیں کی طرف سے جیو کو نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن یہی چینلز ذرا اپنے ماضی میں بھی جھانک کر دیکھ لیں تو آنکھیں کھل جائیں اورانہی خالد آرائیں کا ضمیر اس وقت کہاں سویا تھا جب دوسرے چینلز دھما چوکڑی مچارہے تھے، جیو سے نادانستہ ایک غلطی ہوئی، اس پر جیو نے ندامت اور شرمندگی کا اظہار بھی کیا، اللہ سے بھی معافی مانگی اپنے ناظرین سے بھی معذرت کی، لیکن جس غلطی کی پاداش میں کیبل آپریٹرز نے جیو کو بند کردیا اور اس پر کچھ چینلز جیو سے بغض میں واویلا مچارہے ہیں انہوں نے اپنے اپنے مارننگ شوز میں اس منقبت اور قوالی کے ساتھ کیا سلوک کیا ؟۔ اسی منقبت کے مصروں پر اے آر واے کے مارننگ شو میں مختلف مواقع وہی اندازو اطواراپنائے گئے ہیں جن پر جیو پر اعتراض ہے، لیکن ہم نے تقدس کی خاطر انہیں من و عن نہیں دکھایا، ایکسپریس پر بھی وہی الفاظ، وہی منقبت اور وہی سلوک۔ ایسا ہی کچھ ایک اور چینل کے مارننگ شو میں بھی اسکرین پر دکھا گیا اور رقص کیا گیا، جس پر جیو کے خلاف اعتراض کیا جارہاہے۔ لیکن جیو نے کبھی کسی پر توہین اہل بیت کا الزام لگاکر ان کے کارکنوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش نہیں کی، دوسروں کیخلاف منفی پروپیگنڈے کرکے مذہبی معاملات پر لڑائی پھیلانے کی کوشش نہیں کی، لیکن ایک سوال کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے سربراہ خالد آرائیں سے، جب جیو سے بہت پہلے دیگر چینلز نے اسی منقبت پر اپنے مارننگ شوز میں شادیوں پر رقص و سرور کروائے تو کیا اس وقت خالد آرائیں صاحب کی آنکھیں بند تھیں، کیا اس وقت کسی نے نوٹس لیا تھا، کیا اس وقت کسی نے معافی مانگی، کیااس وقت کسی کوضمیر نے جھنجھوڑا۔ غلطیاں ہوجاتی ہیں، جیو اپنی غلطی پر معذرت کرچکا ہے اورمسلسل اللہ سے معافی کا طلبگار ہے، لیکن اس معاملے کو بنیاد بناکر جیو کے خلاف بھانت بھانت کی بولیاں بولنے والے پہلے اپنے گریبان میں بھی جھانک لیں، دوسروں کی آنکھ کا بال نکالنے والوں کو اپنی آنکھوں کا شہتیرنظر کیوں نہیں آتا؟۔ ہم اپنے ناظرین سے کہیں گے اب یہ معاملہ قانون کے پاس ہے۔ اسے اپنا راستہ خود طے کرنے دیں اور قانون کو کوئی اپنے ہاتھ میں نہ لے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.