20 مئی 2014
وقت اشاعت: 18:49
وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کااجلاس ،اہم امور پرغور
جیو نیوز - اسلام آباد…وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کے بارے میں اعلیٰ سطح کااجلاس ہوا۔ شرکاء نے خطے میں سلامتی اور بھارت اور افغانستان میں انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد کی صورت حال پر غور کیا،آرمی چیف نے اپنے حالیہ دورہ کابل پر اجلاس کو بریفنگ دی۔وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر داخلہ چودھری نثار، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام ،چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم ، ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز اور وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز شریک ہوئے۔ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے کابل کے دورے اور سہ فریقی اجلاس کی تفصیلات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ ترجمان کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی نے کراچی سمیت ملک بھر میں مجموعی صورت حال پربریفنگ دی،وزیرداخلہ نے کراچی میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن سے بھی آگاہ کیا ،اجلاس کے دوران بلوچستان میں امن وامان کی صورت حال اور پاک افغان سرحدی سیکیورٹی کے معاملے پربھی غور کیا گیا۔