20 مئی 2014
وقت اشاعت: 20:19
شہبازشریف کی شنگھائی میں چینی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں
جیو نیوز - شنگھائی… وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے شنگھائی میں چینی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کی ہیں،وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کیلئے انہیں جہاں بھی جانا پڑا جائیں گے ،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی چینی مالیاتی اداروں اور کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقاتوں میں بجلی کی پیداوار اور توانائی میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے ایگزم بنک کے حکام سے پنجاب کو دئیے گئے قرضوں پر شرح منافع میں کمی اور ادائیگی کی شرائط میں رعایتیں دینے پر زوردیا۔بنک حکام نے یقین دلایا کہ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں میں فنڈز کی فراہمی میں تاخیر نہیں کی جائے گی ۔ چین کے شنگھائی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام 32ارب ڈالر کا ترقیاتی پیکیج دینے پر چین کے شکرگزار ہیں۔ گذشتہ دور حکومت میں پاک چین تعلقات کو اقتصادی تعاون میں ڈھالنے کی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی،موجودہ حکومت معیشت کی بحالی اور توانائی بحران کے حل کیلئے دوست ملکوں سے رابطوں کی تجدید کر رہی ہے ۔