22 مئی 2014
وقت اشاعت: 10:50
جیو کے صحافیوں کو زدوکوب کرنا کسی صورت جائز نہیں ،الطاف حسین
جیو نیوز - لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ جیو کے صحافیوں کو زدو کوب کرنا کسی صورت جائز قرار نہیں دیا جاسکتا ، کیمرے،موبائل توڑنا،گاڑیوں پرپتھراوٴ کسی صورت درست نہیں۔متحدہ کے قائد الطاف حسین نے اپنے بیان میں کہاہے کہ کسی بھی چھوٹے بڑے مسئلے پر اختلاف رکھنا اوراس کاپرامن طریقے سے اظہارکرناہرشہری کا جمہوری حق ہے،لیکن کسی کو احتجاج کی آڑ میں قانون ہاتھ میں لینے سے گریزکرناچاہیے۔الطا ف حسین نے کہاکہ ایک طبقہ جیو کے خلاف اس بات پر احتجاج کررہاہے کہ جیو ٹیلی وژن نے قومی حساس اداروں کی اعلیٰ شخصیات کوصحافتی دائرے سے باہر نکل کرپیش کیاجس کی وجہ سے عوام میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی۔الطا ف حسین نے کہاکہ جیو کی دانستہ نادانستہ غلطیوں کامعاملہ اپنی جگہ لیکن اس کے ردعمل کے طورپر احتجاج کی آڑ میں جیو کے صحافیوں کوزدوکوب کرنا، ان کے کیمرے اور موبائل فون توڑ دینااورجیو ٹیلی وژن کی گاڑیوں پر پتھراوٴ کسی بھی طرح درست ، جائزاورآئینی یاقانونی قرارنہیں دیاجاسکتا۔ ایسی صورت میں صحافی،رپورٹر، کیمرہ مین نہ صرف زخمی ہوتے ہیں بلکہ قیمتی سامان بھی احتجاج کرنے والوں کے ہاتھوں ٹوٹ پھوٹ جاتاہے۔ الطا ف حسین نے اپیل کی کہ پاکستانی عہد کریں کہ وہ اپنے ہم وطن بھائی خواہ ان کاجیو یاکسی بھی مخالف چینل سے تعلق کیوں نہ ہونہ توانہیں زدوکوب کریں گے اورنہ ہی ان کے سامان کونقصان پہنچائیں گے۔انہوں نے کہاکہ جیوکے جن صحافیوں کوزدوکوب کیاگیاہے وہ اْن کے دکھ دردمیں شریک ہیں۔