23 مئی 2014
وقت اشاعت: 13:40
ممتاز صحافی حامد میر کی نئی کتاب قلم کمان 2
جیو نیوز - اسلام آباد… عام انتخابات صاف شفاف نہ تھے پھر بھی سب بڑی جماعتوں نے نتائج مان لیے ،میموگیٹ اسکینڈل کا اصل ہدف کون تھا، حامد میر کی نئی کتاب قلم کمان ٹو میں ایسے ہی بہت سے اہم حقائق سے پردہ اٹھایا گیا ہے ، یہ کتاب چھپ کر بازار میں آچکی ہے474 صفحات پر مشتمل اس کتاب میں حامد میر نے کْھل کر ان نازک اور پیچیدہ موضوعات پر قلم اٹھایا ہے جنہیں آج تک شجر ممنوعہ سمجھا جاتا تھا۔ حامد میر نے اپنی کتاب میں بتایا ہے کہ کس طرح پاکستان میں جمہوریت اور میڈیا کو آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑا، کمزور اور ٹوٹی پھوٹی جمہوریت نے پاکستان کو کیا دیا۔انہوں نے اپنی کتاب میں یہ بھی بتانے کہ کوشش کی ہے کہ میڈیا پر الزامات کی اصل حقیقت کیا ہے اور آزاد میڈیا نے پاکستان کو کیا دیا ۔اس وقت کے سیاسی حلقوں میں زیر بحث موضوع 2013 کے انتخابات اور دھاندلی کا ذکر کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ یہ انتخابات صاف اور شفاف نہ تھے مگر سب بڑی جماعتوں نے نتائج قبول کرکے ملک کو ایک بڑے بحران سے بچالیا۔ مصنف نے صاف و شفاف جمہوریت کا راستہ بتانے کی کوشش بھی کی ہے جس کا عنوان قانون کی بالادستی ہے۔ کتاب میں حامد میر نے ڈرون حملوں کے خلاف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے موٴقف اور اقدامات کی تعریف کی لیکن ان کے سیاسی اقدامات پر تنقید بھی کی۔کتاب میں حامد میر نے لکھا میمو گیٹ اسکینڈل ایک لا حاصل بحث تھی جس کا مقصد سابق صدر آصف علی زرداری کو مستعفیٰ ہونے پر مجبورکر نا تھا ۔حامدمیر نے بتایا ہے کہ پاکستان کو دنیا کی عظیم طاقت بنانے کے لیے کون سے 20 اقدامات کی ضرورت ہے ؟ کتاب میں لاپتا افراد کے مسئلے کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بلو چستان کا اصل مسئلہ کیا ہے اور وہاں امن کا قیام کیسے ممکن ہے۔تقریبا 122 سے زائدمضامین میں حامد میر نے پاکستان کی تاریخ کے اہم واقعات کو ان کی مکمل تصویر کے ساتھ قلم بند کیا ہے ۔عجیب بات تو یہ ہے کہ حامد میر نے اس کتاب کا دیباچہ 19 اپریل کی صبح کراچی جانے سے قبل لکھا جس روز انہیں کراچی ائیر پورٹ سے نکلنے کے بعد گولیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔