تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 مئی 2014
وقت اشاعت: 21:50

وزیراعظم کے دورہٴ بھارت کے فیصلے پر سیاسی رہنماوٴں کا خیر مقدم

جیو نیوز - اسلام آباد…سیاسی رہنماوٴں نے نواز شریف کے بھارت جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی حکومت کا ردعمل بھی دیکھنا ہوگا، یہ ایک علامتی دورہ ہے اوراس سے زیادہ توقعات نہیں رکھنی چاہئیں۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے وزیراعظم کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے دورہٴ بھارت سے خطے کی صورت حال پر مثبت اثرات پڑیں گے، بھارت کے ساتھ متنازع معاملات پر بات چیت چلتی رہے گی۔ وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بھارت سے تعلقات کے حوالے سے کہا کہ ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے کام کرنا ہوگا۔ دوسری طرف جے یو آئی ف کے امیر مولانا فضل الرحمان کا کہناتھاکہ نواز شریف کا بھارت جانا اچھی بات ہے لیکن پاکستان کو بھارت کی نئی حکومت کا ردعمل دیکھنا ہوگا۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے عجلت میں فیصلہ کیا، لیکن اگر وہ جارہے ہیں تو انہیں بھارت سے کشمیر اور پانی کے مسئلے پر بات کرنا چاہیے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے افرا سیاب خٹک کہتے ہیں کہ وزیراعظم نے بھارت جانے کا درست فیصلہ کیا لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ یہ علامتی دورہ ہے، اس سے زیادہ توقعات نہیں رکھنی چاہئیں۔ ادھر جماعت الدعوہ کے امیر حافظ سعید احمد نے کہا کہ بھارت سے تعلقات میں نواز شریف کو پھونک پھونک کر قدم رکھنا ہوں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.