25 مئی 2014
وقت اشاعت: 0:30
جیو کی نشریات فوری بحال کی جائیں، کراچی کے شہریوں کا مطالبہ
جیو نیوز - کراچی…ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی جیو ٹی وی نیٹ ورک کی نشریات بند ہونے سے ناظرین خبروں سے محروم ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ جیو کی نشریات کو فوری بحال کیا جائے، کراچی کے بیشتر علاقوں میں کیبل آپریٹرز کی جانب سے جیو ٹی وی نیٹ ورک کی نشریات کی بندش کی وجہ سے ناظرین خبروں سے محروم ہیں۔جیو نیوز، جیو سوپر، جیو انٹرٹینمنٹ اور جیو تیز کی نشریات پیمرا کی ہدایات کے بغیر ہی ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی بند کردی گئی ہیں ، اس جابرانہ کی بندش پر لوگ پر زور مذمت کر رہے ہیں۔ جیو ٹی وی نیٹ ورک پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا نیٹ ورک ہے، جو ملک کے ہر حصے ،شہر کے ہر کونے کی خبر سے اپنے ناظرین کو باخبر رکھتا ہے لیکن عداوت پر مبنی مہم کے باعث اس کی نشریات کو کیبل آپریٹرز پر دباو کے ذریعے بند کروادیا گیا ہے۔جیو نے ہمیشہ اپنے ناظرین کو بر وقت اور ہر وقت خبر پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے چاہے جتنی بھی مشکلات ہوں جیو اپنی صحافتی ذمہ داریوں کو پورا کرتا رہے گا اور سچ کو عوام کے سامنے لاتا رہے گا۔