26 مئی 2014
وقت اشاعت: 2:10
جب تک شفاف الیکشن نہیں ہوں گے نیا پاکستان نہیں بن سکتا؛ عمران خان
جیو نیوز - فیصل آباد…پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جان بوجھ کر چار حلقوں میں دوبارہ گنتی نہیں کرائی جارہی، جب تک شفاف الیکشن نہیں ہوں گے نیا پاکستان نہیں بن سکتا، انھوں نے حکومت سے سوال کیا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے لگایا جانے والا پیسا کہاں گیا۔ فیصل آباد کے علاقے دھوبی گھاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت کا ایک سال پورا ہو گیا لیکن عوام کی زندگی میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ نہ نوجوانوں کے لیے نوکریاں ہیں، نہ اسکولوں میں تعلیم اور نہ ہی کھیلوں کے میدان۔انھوں نے ن لیگ پرتنقیدکرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے کہا تھا کہ کشکول توڑ دیں گے لیکن ان کی حکومت نے قرضوں کے تمام ریکارڈ توڑدیے۔ قرضہ بھی چڑھالیا اور بجلی کی قیمت اور لوڈ شیڈنگ بھی بڑھادی۔چیرمین تحریک انصاف نے واضح کیا کہ جب تک شفاف الیکشن نہیں ہوں گے نیا پاکستان نہیں بن سکتا۔ کرپشن جب تک ختم نہیں ہوتی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔عمران خان نے کہا پھرباربارکہہ رہا ہوں چار حلقوں میں دوبارہ گنتی کرائی جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گالیکن گنتی نہیں کرائی جارہی۔4حلقوں میں دوبارہ گنتی کی بات اس لئے کررہا ہوں کہ یہاں مجھے دھاندلی نہیں دھاندلا نظر آیا ہے، اگر ان چار حلقوں میں گنتی نہ ہوئی تو یہ نہ سمجھنا کہ تحریک انصاف کی سونامی رک جائے گی، یہ رکنے والی نہیں تحریک انصاف کی سونامی 7 جون کو سیالکوٹ پہنچے گی۔