27 مئی 2014
وقت اشاعت: 19:1
طالبان مذاکرات دوبارہ شروع کیے جائیں،عمران خان کی آرمی چیف سے اپیل
جیو نیوز - لاہور …پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے اپیل کی ہے کہ طالبان سے مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ بحال کیا جائے۔ اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ بنی گالا میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا کہ مذاکرات کے بعد ملک میں دہشت گردی کم ہوئی تھی، اسی لیے وہ جنرل راحیل سے اپیل کرتے ہیں کہ ملک بچائیں اور مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ ہم شمالی وزیرستان میں امریکا کی جنگ لڑ رہے ہیں، شہریوں کی ہلاکتوں سے شمالی وزیرستان کے عوام پاکستان سے متنفر ہورہے ہیں، وہاں سے آئی ڈی پی پاکستان کم آرہے ہیں اور افغانستان زیادہ جارہے ہیں اور ایسا لگ رہا ہے کہ شمالی وزیرستان کو پاکستان سے علیحدہ کیا جارہا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسا تاثر دیا جارہا ہے کہ جیسے پنجاب ہی پورا پاکستان ہے، کراچی کا سرکلر ریلوے منصوبہ بند جبکہ لاہور کے لیے معاہدہ کرلیا گیا ہے۔