29 مئی 2014
وقت اشاعت: 15:32
عمران خان کو 2019کے انتخابات میں بھی شکست ہوگی، پرویز رشید
جیو نیوز - اسلام آباد…وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ وہ بڑا بول نہیں بولتے، عمران خان کو2019کے انتخابات میں بھی شکست ہوگی اور یہ پھر کہیں گے کہ دھاندلی ہوئی ، کیوں کہ ان کی حرکتیں ہی ایسی ہیں۔ پرویز رشید اسلام آباد میں فافن کے زیر اہتمام بجٹ سیمینار کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان فیصل آباد اوراسلام آباد میں جلسے کرتے ہیں، خیبرپختونخوا نہیں جاتے، خیبرپختونخوامیں بچوں کوپولیو سے بچاوٴ کے قطرے نہیں پلا سکتے، لوگ عمران خان کو ووٹ کیوں دیں؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان کوکبھی توفیق نہیں ہوئی کہ خیبر پختونخوا میں کسی زخمی کی عیادت کیلئے چلے جائیں، عمران خان پاکستان کادفاع کرنے والی فوج کی جنگ کو امریکاکی جنگ کہتے ہیں، عمران خان بتائیں کہ طالبان کس کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ بنی گالہ کی سڑک بنے تو ٹھیک، موٹر وے بنائی جائے تو غلط۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ چینل غلطی کرتا ہے تو بند کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے، غلطی قوموں سے بھی ہوتی ہے، معافی مانگنے پر معاف کرنا بڑائی ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ شیخ رشید،چودھری شجاعت، پرویز الہٰی سے پوچھتا ہوں انہوں نے ملک کیلئے کیا کیا؟