29 مئی 2014
وقت اشاعت: 18:32
عمران میڈیا کے طاقت ور ہاتھ کو کم زور کرنا چاہتے ہیں، پرویز رشید
جیو نیوز - اسلام آباد…وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ کسی میڈیا گروپ کو بند کرنے کے عمران خان کے مطالبے کا ساتھ نہیں دے سکتے ، ہم میڈیا کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں ، عمران خان میڈیا کے طاقت ور ہاتھ کو کمزور کرنا چاہتے ہیں،اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہاکہ کوئی چینل غلطی کرتا ہے تو اسے بند کرنا مسئلے کا حل نہیں ، غلطی کرنے والے کو معافی مانگنا چاہیے ، معافی مانگنے پر معاف کرنا بڑائی ہے ، میڈیا کے لوگ اپنے کیمرے ، قلم اور مائیک ذمہ داری سے استعمال کریں ۔پرویز رشید نے کہاکہ عمران خان کو انہوں نے انتخابات میں شکست دی ، وہ ان سے انتقام لیں گے ملک سے نہیں ،، انہوں نے کہاکہ عمران خان فیصل آباد میں جلسہ کرتے ہیں لیکن خیبر پختونخوا جاکر بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلاسکتے ، پرویز رشید نے دعویٰ کیا کہ عمران خان اگلے الیکشن میں بھی شکست سے دوچار ہوں گے ۔کالعدم تنظیموں کا قومی سلامتی اداروں سے کوئی تعلق نہیں ، ہتھیار استعمال کرنے والوں کو انہی کی زبان میں جواب دیا جائے گا ۔