تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2014
وقت اشاعت: 19:12

پی پی 107 حافظ آبادمیں ضمنی انتخاب ،پولنگ مکمل ،ووٹوں کی گنتی شروع

جیو نیوز - حافظ آباد…حافظ آباد میں پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 107 پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ مکمل ہوگئی ہے اور ووٹوں کی گنتی شروع کردی گئی، گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول پنڈی بھٹیاں میں تحریک انصاف اور ن لیگ کے کارکن الجھ پڑے اور ن لیگ کی ایم پی اے فرزانہ بٹ کو دھکے دیئے ۔پولنگ صبح 8 بجے پولنگ شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفہ کے شام 5 بجے تک جاری رہی،پولنگ کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور مجموعی طور پر پولنگ پرامن رہی، تاہم اکا دکا مقامات پر ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے، پنڈی بھٹیاں کے گورنمنٹ ماڈل ہائی ا سکول نمبر 2 میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کی خواتین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد دونوں جماعتوں کے مرد کارکن بھی آپس میں الجھ پڑے، ہنگامہ آرائی کے باعث کچھ دیر پولنگ رکی رہی،کچھ دیر بعد مسلم لیگ ن کی ایم پی اے فرزانہ بٹ اور سلمی شاہین نے اسی پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا تو دونوں ایم پیز کو تحریک انصاف کے کارکنوں نے دھکے دیئے، کارکنوں نے ایم پی اے فرزانہ بٹ کو گھیرے میں لے کر دھاندلی دھاندلی کے نعرے لگائے،ادھر گورنمنٹ راشد منہاس ہائی اسکول کے باہر مسلم لیگ ن کے کیمپ پر مسلح افراد جدید اسلحہ لئے کھڑے رہے ، مگر پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔اس نشست پر مسلم لیگ ن کے سرفراز بھٹی اور تحریک انصاف کی امیدوار نگہت انتصار کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے، لاہور ہائی کورٹ نے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام ثابت ہونے پر پی پی 107پر دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.