30 مئی 2014
وقت اشاعت: 12:12
تحفظ فراہم کیا جائے،فرزانہ کے شوہر کا مطالبہ
جیو نیوز - لاہور…فرزانہ کے شوہر اقبال کا کہنا ہے کہ اس کی بیوی حاملہ تھی۔ اس طرح ملزمان نے ایک نہیں دو جانیں لیں۔ اقبال کا مطالبہ ہے کہ اسے تحفظ فراہم کیا جائے۔ضلع ننکانہ صاحب کے علاقے سید والا کے رہائشی اقبال نے 7جنوری کو فرزانہ فرزین سے پسند کی شادی کی۔ لیکن فرزانہ کے اہل خانہ اقبال سمیت 6 افراد کیخلاف تھانہ سید والا میں اغوا کا مقدمہ درج کرایادیاتھا۔ پولیس کے خوف سے دونوں میاں بیوی پاک پتن چلے گئے تھے اورعدالت میں پیش ہوکر بیانات ریکارڈ کرائے تھے۔ عدم تحفظ کی بنا پر فرزانہ بی بی کو پاک پتن کے دار الامان میں بھجوادیا گیاتھا۔ اقبال نے جیو نیوز سے گفتگو میں الزام عائد کیا کہ پاک پتن کی عدالت میں دیئے گئے بیان کے باوجود سید والا پولیس نے اغوا کا مقدمہ خارج نہیں کیا اور رشوت طلب کی۔ جس پر دونوں میاں بیوی نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی اور 27مئی کو لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہونے کے لئے پہنچ گئے۔ لیکن فرزانہ کے والد اور بھائیوں نے فرزانہ پر اینٹوں سے حملہ کردیا۔اقبال کے مطابق ہائی کورٹ کے باہر پولیس کی بڑی تعداد موجود تھی۔ لیکن دہائی دینے کے باوجود پولیس نے ایک نہ سنی اور ملزمان فرا رہوگئے۔ اقبال کا کہناہے کہ اسکی بیوی حاملہ تھی اور اسکی تصدیق پوسٹ مارٹم رپورٹ سے بھی کی جاسکتی ہے۔ ملزمان نے ایک نہیں دوجانیں لی ہیں اور اب ملزمان کی جانب سے اسے بھی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ اس نے مطالبہ کیاہے کہ اسے تحفظ فراہم کیا جائے۔