30 مئی 2014
وقت اشاعت: 13:42
ٹریڈ مارک ’ذرا سوچیے‘ کے غیر قانونی استعمال پر نجی نیوز چینل کیخلاف حکم امتناعی
جیو نیوز - کراچی … ٹریڈ مارک ’ذرا سوچیے‘ کے غیر قانونی استعمال میں ملوث نجی نیوز چینل کے خلاف سندھ ہائی کورٹ نے حکم امتناعی جاری کردیا۔جیو گروپ اپنے مختلف پروگراموں کے توسط سے تعلیم کی اہمیت اور افادیت ،معاشرے کی ترویج او ترقی اور عوام کے بنیادی حقوق سے متعلق آگاہی مہم میں ہر وقت کوشاں رہتا ہے،اور ذراسوچیے کے عنوان سے اپنے مختلف سروس میسیجز اپنے چینلز پر نشر کرتا رہتا ہے۔ ذراسوچیے جیو کا ایک رجسٹرڈ ٹریڈ مارک ہے جس کے حقوق متعلقہ قوانین کے تحت صرف اور صرف جیو گروپ کے نام کلی طور پر محفوظ ہیں اور ان کے علاوہ کوئی فرد یا ادارہ یہ ٹریڈ مارک ذراسوچیے کو استعمال کرنے کا مجاز نہیں۔تاہم گزشتہ دنوں ایک نجی نیوز چینل نے ٹریڈ مارک ذرا سوچیے کی ساکھ کونقصان پہنچاتے ہوئے ٹریڈ مارک کو غیر قانونی طور پر استعمال کرتے ہوئے اپنے مختلف پروگرام اورچینل پر نشر کئے، جس پر جیو گروپ کے لیگل کونسل علی اینڈ ایسوسی ایٹس نے فوری طور پر سندھ ہائی کورٹ میں دیوانی مقدمہ دائر کر کے حکم امتناعی حاصل کرلیا، جس کے تحت مذکورہ نجی نیوز چینل پر ٹیلی وژن، پرنٹ میڈیا اور آن لائن اشاعت میں ٹریڈ مارک ذراسوچیے کے غیر قانونی استعمال پر پابندی عائد کردی گئی۔