30 مئی 2014
وقت اشاعت: 14:42
بھارت سے رہا ئی پانے والے 37 پاکستانی قیدی واہگہ پر حکام کے حوالے
جیو نیوز - واہگہ …بھارتی حکام نے 37 پاکستانی قیدیوں کوواہگہ بارڈرپر رینجرز حکام کے حوالے کر دیا۔ رہائی پانے والے قیدی خوشی سے پھولے نہیں سما رہے تھے۔سب نے پاک سرزمین پر قدم رکھتے ہی سجدہ شکر ادا کیا۔بھارت نے جذبہ خیر سگالی کے تحت 32 ماہی گیروں اور پانچ عام شہریوں کو رہا کیا۔رہائی پانے والے پاکستانی شہریوں کا واہگہ بارڈر پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔رینجرز حکام نے واہگہ بارڈر پر انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور مٹھائی تقسیم کی۔ رہائی پانے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ انہیں زمینی اور سمندری حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی حکام نے گرفتار کیا تھا۔ بھارت کی جیلوں میں ایک سے دو سال قیدکاٹنے کے بعد انہیں رہائی ملی ہے۔