30 مئی 2014
وقت اشاعت: 20:32
لندن:ڈاکٹرطاہرالقادری سے چوہدری شجاعت اورپرویزالہٰی کی ملاقات
جیو نیوز - لندن …لندن میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت اور پرویز الہٰی نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ آج ہماری ابتدائی ملاقات ہے، آئندہ بھی ملاقات کریں گے،موجودہ حکومت اور سسٹم 18کروڑ عوام کی خواہشات کے خلاف ہے،موجودہ حکومت اور سسٹم عوام کو کچھ نہیں دے گا۔ طاہر القادری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے10نکاتی ایجنڈاپیش کرچکاہوں،آج سے باقاعدہ سیاسی رابطے کا آغاز ہوگیا ہے،مسلم لیگ (ق) کے وفد سے کل مزید ان معاملات پر بات کی جائے گی، ریاست اور دفاع کو بچانے اور کرپشن و دھاندلی کا نظام ختم کرنے والے میرے ساتھ ہیں، پاکستان عوامی تحریک اور مسلم لیگ (ق) کی قیادت کی آج پہلی ملاقات ہے، ہمارا اجلاس 2دن ہوگا، کون ہمارے ساتھ ہوگا اور کون نہیں سب طے کریں گے۔ مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات پر زور دینے کی ضرورت ہے تاکہ صحیح لوگ منتخب ہوں، نظام کی درستی کے لیے انتخابی اصلاحات کی بہتری پر زور دیا جائے، ہمارا ایجنڈا یہی ہوگاکہ پاکستان کے عوام کے مسائل حل کیے جائیں۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ لندن کا موجودہ دورہ صرف ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کے لیے ہے، ملاقاتوں میں کوئی حرج نہیں، پاکستان ہو یا برطانیہ، کہیں بھی ملاقات ہوسکتی ہے۔ مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی بنیادہی دھاندلی پر رکھی گئی، ملک میں حالات تیزی سے خرابی کی طرف جارہے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ ڈاکٹر طاہر القادری جولائی سے پہلے پاکستان آجائیں۔ پرویزالہٰی کا مزید کہنا تھا کہ محب وطن سوچ رکھنے والی جماعتوں کے ساتھ رابطے کیے جائیں، متحدہ قومی موومنٹ سے بھی ہمارا رابطہ ہے۔