31 مئی 2014
وقت اشاعت: 0:12
سندھ ہائی کورٹ میں اے آر وائی کے خلاف درخواست دائر
جیو نیوز - کراچی…سندھ ہائی کورٹ نے غیر اخلاقی سرگرمیوں پر مبنی پروگرام نشر کرکے مزار قائدکے تقدس کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بدنام کرنے سے متعلق درخواست پر ڈائریکٹر اے آر وائی، ڈائرکٹر پروگرام سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیے۔ درخواست گزار سلیم اختر نے سیکریٹری وزارت اطلاعات، سیکریٹری، داخلہ، پیمرا، چیف انجینئر/ایڈمنسٹریٹر مزار قائد، ڈائریکٹر اے آر وائی، پروگرام کے ڈائریکٹر کو فریق بناتے ہوئے موٴقف اختیار کیا کہ 22، 23فروری اور پھر 7مارچ 2014ء کو ایک پروگرام میں مزار قائد کی حدود میں غیر اخلاقی سرگرمیوں سے متعلق پروگرام جان بوجھ کر نشر کیا گیا تھا۔ درخواست گزار کا کہنا تھاکہ پروگرام کے باعث مزار قائد کی ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی بدنامی ہوئی۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ مزار قائد کے چیف انجینئر /ایڈمنسٹریٹر کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مزار قائد کی حفاظت کریں اور احاطے میں ہونے والی سرگرمیوں پر نظر رکھیں لیکن اے آر وائی کے ساتھ مل کر یہ پروگرام ترتیب دیا گیا۔ درخواست میں موٴقف اختیار کیا گیا کہ پروگرام نشر ہونے کے بعد پیمرا سمیت دیگر مدعاعلیہان کی بھی ذمہ داری تھی کہ وہ پروگرام نشر کرنے والے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرتے مگر ایسا نہیں کیا گیا۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں بینچ نے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔