تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
31 مئی 2014
وقت اشاعت: 0:12

طالبان ومقتدر قوتوں کا ساتھ نہیں دینگے،فضل الرحمان/امن وزیراعظم کی حرکت سے مشروط ہے، سراج الحق

جیو نیوز - پشاور…جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ جنگ کوہوا دینے کیلئے طالبان اورمقتدرقوتوں میں سے کسی کا ساتھ نہیں دیں گے جبکہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ملک میں قیام امن کووزیراعظم کے حرکت میں آنے سے مشروط قراردیا ہے اورکہا ہے کہ وزیراعظم جب تک اپنے اختیارکی چابی نہیں گھمائیں گے تالے اسی طرح بند رہیں گے۔ پشاورکے نشترہال میں جمعیت علمائے اسلام کے زیراہتمام قبائیلی جرگے سے خطاب میں پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہناتھا کہ طالبان اگرجنگ کی راہ اپناتے ہیں توہم ان سے راستے جدا کرینگے اوراگرکوئی مقتدرقوت اس مقصد کیلئے ہماری حمایت چاہتا ہے تووہ بھی اس گمان میں نہ رہے کہ ہم ان کا ساتھ دینگے۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیرسراج الحق کا کہنا تھا کہ جو حکمران لوگوں کوتحفظ فراہم نہیں کرسکتے ان کوحکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہوتا، ملک میں امن کی صورتحال ابتر ہے، صرف کراچی میں 24ہزار سے زیادہ لوگ شہید ہوچکے ہیں، مرنے والوں کونہیں معلوم کہ انہیں کیوں مارا جارہا ہے اورنہ ہی مارنے والے کوپتہ ہے کہ وہ انہیں کیوں ماررہا ہے۔ اس موقع پرمنظورکی گئی چارالگ الگ قراردادوں میں قبائیلی علاقوں میں جاری کاروائیوں کوآپریشن کہہ کراس کی مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ فاٹا میں مسئلہ سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، بے گھر قبائلیوں کو بحفاظت واپس اپنے گھروں کو بھجوایا جائے اور فاٹا میں تباہ حال انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے خاطرخواہ پیکج دیا جائے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.