تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
31 مئی 2014
وقت اشاعت: 0:22

حکومت جیو کے بارے میں عدالتی فیصلوں پر عمل کرانے میں ناکام ہے،حامدمیر

جیو نیوز - اسلام آباد…حامد میر نے کہا ہے کہ حکومت میٹروبس اور موٹر وے تو بنا رہی ہے مگر جیو کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام ہے ۔ صحافی رہنماوٴں کا کہنا ہے کہ پیمرا نے غیر جانبداری کا مظاہرہ نہیں کیا،جیو کو کسی صورت بند نہیں ہونے دیا جائے گا۔ پی ایف یو جے کے زیر اہتمام حامد میر ویک کے سلسلے میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں تقریب ہوئی جس میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر نیشنل پریس کلب شہریار خان کا حامد میر پر لکھا گیا ترانہ بھی ریلیز کیا گیا۔ ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے سینئر اینکر پرسن حامد میر نے کہا کہ صحافی کو نہ پہلے کوئی دبا سکا تھا نہ اب دبا سکے گا ،تاہم میڈیا میں چند کالی بھیڑیں صحافت کو بدنام کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت جیو اور جنگ سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ اس کے بعد جیو اور جنگ گروپ سے اظہار یکجہتی کے لیے نیشنل پریس کلب سے جنگ پلازہ تک ریلی نکالی گئی۔ صحافی رہنماوٴں نے کہا کہ آزاد میڈیا کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے ،جیو کو اگر حکومت یا پیمرا نے بند نہیں کیا تو پھر کسی نے کیا ہے ،یہ لمحہ فکریہ ہے۔پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کا کہنا ہے کہ جنگ اور دی نیوز جلانے سے قرآنی آیات ، احادیث اور مقدس ناموں کی بے حرمتی ہو رہی ہے ، جیو پر فتویٰ لگانے والے اب ایسا کرنے والوں پر بھی فتویٰ لگائیں۔صحافی رہ نماوٴں کا کہنا ہے کہ جیو اور جنگ کا معاملہ حل کرنے کے لیے حکومت کو مصالحتی کردار ادا کرنا چاہیئے ، جب کہ پیمرا کی از سر نو تشکیل کی جائے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.